پیغمبر اکرم(ص) اور سورہ آل عمران کی آخری پانچ آیات

سورہ آل عمران کی آخری پانچ آیات ( ۱۹۰ الیٰ ۱۹۴ ) نہایت عظیم اور دلنشین ہیں نیز یہ آیات بہترین عرفانی مناجات ہیں جو صالح بندوں کے دل سے نکلتی ہیں ۔
ائمہ معصومین علیھم السلام نے اپنے چاہنے والوں کو یہ حکم دیا ہے کہ نماز شب کے لئے اٹھتے وقت ان آیات کی تلاوت کیا کریں ۔ وہ آیات یہ ہیں ۔
اِنَّ في خَلْقِ السَّماواتِ وَ الاَرْضِ وَ اِخْتِلافِ اللَّيْلِ وَ النَّهارِ لآياتٍ لِاُولِيِ الْاَلْبابِ الَّذينَ يَذْکُرُوْنَ اللهَ قيامَاً وَ قُعُوداً وَ عَلي جُنُوبِهِمْ وَ يَتَفَکَّرُونَ في خَلْقِ السَّماواتِ وَ الاَرْضِ رَبَّنا ما خَلَقْتَ هذا باطِلاً سُبْحانَکَ فَقِنا عَذابَ النّارَ رَبَّنا اِنَّکَ مَنْ تُدْخِلِ النّار فَقَدْ اَخْزَيْتَهُ وَ ما لِلظّالِمينَ مِنْ اَنْصارٍ رَبَّنا اِنَّنا سَمِعْنا مُنادِياً يُنادي لِلْاِيْمانِ اَنْ آمِنُوا بِرَبِّکُمْ فآمَنّا رَبَّنا فَاغْفِرْلَنا ذُنُوبَنا وَ کَفِّرْ عَنّا سَيِّئاتِنا وَ تَوَفِّنا مَعَ الاَبْرارِ رَبَّنا وَ آتِنا ما وَعَدْتَنا عَلَي رُسُلِکَ وَ لا تُخْزِنا يَوْمَ القِيامَةِ اِنَّکَ لا تُخْلِفُ الميعادَ
پیغمبر اکرم (ص) اور رات کی تاریکی میں ان آیات کی تلاوت
امام صادق علیہ السلام سے پیغمبر اکرم (ص) کی شبانہ عبادتوں کے سلسلے میں ایک روایت منقول ہے جس کا خلاصہ یہ ہے :
پیغمبر اکرم صلی اللہ وسلم وضو کا پانی اپنے سرہانے رکھتے تھے اور اسے اوپر سے ڈھانک دیا کرتے تھے اور مسواک اپنے بستر کے نیچے رکھتے تھے ۔ تھوڑی دیر سونے کے بعد اٹھتے اور آسمان کی جانب دیکھ کر ان آیات کی تلاوت فرماتے ۔" ان فی خلق السماوات والارض ۔۔۔الخ" اس کے بعد مسواک کرتے اور وضو کر کے مسجد میں تشریف لاتے ، پھر چار رکعت نماز پڑھ کر رکوع میں جاتے اور نہ جانے کتنی دیر تک رکوع کی حالت میں رہتے پھر سجدہ میں سر رکھتے تو نہ معلوم پھر کب سجدے سے سر اٹھاتے تھے ۔
پھر اپنے بستر پر آتے اور تھوڑی دیر استراحت فرماتے اور پھر اٹھ کر بیٹھتے اور متذکرہ آیات کی تلاوت فرماتے اور آسمان کی جانب دیکھتے رہتے تھے ۔پھر مسواک کر کے وضو فرماتے اور مسجد میں آکر چار رکعت نماز متذکرہ طریقے سے ادا کرتے اور پھر اپنے بستر کو لوٹ جاتے اور تھوڑا استراحت کرنے کے بعد پھر بیدارہوتے اور آسمان کی جانب دیکھتے ہوئے متذکرہ آیات کی تلاوت فرماتے اور مسواک اور وضو کر کے مسجد میں تشریف لے جاتے اور دو رکعت نماز ادا کرنے کے بعد نماز وتر بجالاتے اور پھر نماز صبح کے لئے آمادہ ہوتے تھے ۔

اقتباس از کتاب " بہار جان ھا " تالیف آیۃ اللہ کریمی جھرمی